سندھ میں قائم علی شاہ حکومت کی تبدیلی اور نئی حکومت کے حلف اٹھانے کے بعد ، کو -چیئرمین زرداری صاحب نے چند بڑے دلچسپ بیانات دئیے ہیں .آپ فرماتے ہیں کہ ،
1- قائم علی شاہ کے دور میں امن و امان کی صورت حال مثالی رہی ..
2- 8 سال تک عوامی خدمت کرنے پر قائم علی شاہ پر فخر ہے ..اور
3- قائم علی شاہ کی خدمات یاد رکھی جائیں گی ..
قائم علی شاہ کے 8 سالہ دور میں امن و امان کی جو صورت حال رہی ، کوئی عقل کا اندھا ہی اسے مثالی قرار دے سکتا ہے . انھوں نے جو عوامی خدمت کی اس کے نشانات صوبہ سندھ کے چپے چپے پر نظر آتے ہیں .شہر کراچی کے گندگی سے اٹے ،گلی کوچے ،ابلتے ہوۓ گٹر ،گندے نالوں میں گر کر جان سے جانے والے معصوم بچے ،شاہ صاحب کی عوامی خدمت کے روشن نشان ہیں . اور جہاں تک شاہ جی کی خدمات کے یاد رکھنے کی بات ہے . زرداری صاحب کو ضرور یاد رہیں گی . کیونکہ شاہ جی نے ان تمام سالوں میں اگر کسی کی خدمت کی ہے .تو وہ زرداری صاحب تھے .سندھ کو ملنے والے کھربوں روپے ،سندھ کے غریب عوام پر خرچ ہونے کے بجاۓ دبئی میں جائیدادیں خریدنے پر خرچ ہوۓ . زرداری صاحب کے بیانات سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ ان کی ترجیحات ،ماضی میں کیا تھی اور حال میں کیا ہونگی ؟
سید مراد علی شاہ کی کارکردگی کیا ہو گی .اس کا اندازہ ان کے ایک بیان سے لگایا جا سکتا ہے .آپ نے فرمایا کہ ،سید قائم علی شاہ سے بہت کچھ سیکھا ! کیا سیکھا آپ نے اس کی وضاحت نہیں کی . جہاں تک ہمیں یاد پڑتا ہے . قائم علی شاہ اکثر بھول جاتے تھے . کابینہ کے اجلاسوں میں اکثر سوۓ رہتے تھے . وہ ظاھر یہ کرتے تھے کہ وہ کپتان ہیں ،جبکہ ان کی کارکردگی ٹیم کے بارہویں کھلاڑی جیسی تھی . خود فیصلہ کرنے کے بجاۓ ،وہ زرداری صاحب کے اشارہ ابرو کے منتظر رہتے تھے . اگر جناب سید مراد علی شاہ نے ،ان سے یہی سیکھا ہے . تو کسی تبدیلی کی توقع محال ہے .اور سندھ کے عوام کو کچھ نہیں ملنے کا ....سواۓ زندہ ہے بھٹو زندہ ہے کہ نعرے کے !!!!!!
No comments:
Post a Comment