Thursday, 15 December 2022

!مظلوم کو اجازت ہے

سینٹر اعظم سواتی کے ساتھ جس طرح کا سلوک پہلے کیا گیا . گرفتاری ، ذہنی ،جسمانی اور جنسی تشدد اور پھر انکی بیوی کے ساتھ ویڈیو ریلیز کی گئی . وہ اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی اور ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہے . عدالتوں سے انصاف کی بھیک مانگتے رہے . لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی . عدالتوں نے ایسا رویہ احتیار کیا ، جیسے کچھ ہوا ہی نہیں . 
آخر تنگ آ کر انھوں نے میڈیا کا سہارا لیا . اپنی آواز ایوان اقتدار میں بیٹھے ہوۓ لوگوں کے ساتھ ساتھ ،عوام کے کانوں تک پہنچانے  کی کوشش کی .عام عوام کی اکثریت نے انکے ساتھ ہونے والی زیادتی اور ظلم کے خلاف آواز اٹھائی .لیکن جو کچھ کر سکتے تھے . انھوں نے اپنی آنکھیں اور کان بند رکھے .
ہر طرف سے مایوس ہو کر انھوں نے سابق آرمی چیف کے نام ایک ٹویٹ بھی کی اور راولپنڈی میں ہونے والے تحریک انصاف کے جلسے میں خوب اپنے دل کی بھڑاس نکالی . اس جرات رندانہ پر انکے خلاف پورے ملک میں درجنوں کیس درج ہوۓ .انکی گرفتاری ہوئی اور آج کل وہ بلوچستان میں عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں .انکا جرم یہ ہے کہ وہ منہ چھپانے کے بجاۓ ، سر عام ان کو للکار رہے ہیں .جو مظلوم کے منہ سے اف بھی سننے کے روادار نہیں !
مظلوم کو تو الله کریم نے بھی سر عام واویلا کرنے کی اجازت دی ہے !
آئیے دیکھتے ہیں .اس بارے میں الله کریم کا قرآن میں کیا ارشاد ہے .
سورہ انسا . آیت..148
لَّا يُحِبُّ اللَّهُ الْجَهْرَ بِالسُّوءِ مِنَ الْقَوْلِ إِلَّا مَن ظُلِمَ ۚ وَكَانَ اللَّهُ سَمِيعًا عَلِيمًا ‎.
برائی کے ساتھ آواز بلند کرنے کو الله پسند نہیں فرماتا . مگر مظلوم کو اجازت ہے . اور الله خوب سنتا ، جانتا ہے .
ترجمہ .محمّد جونا گڑھی .
الله اس کو پسند نہیں کرتا کہ آدمی بد گوئی پر زبان کھولے . الا یہ کہ کسی پر ظلم کیا گیا ہو ، اور الله سب کچھ سننے اور جاننے والا ہے .......
ترجمہ ..... سید مودودی .
جو حق الله کریم نے خود مظلوم کو دیا ہے .وہ دنیا کی کوئی عدالت ،کوئی محکمہ ،کوئی طاقتور نہیں چھین سکتا .اعظم سواتی صاحب کو پورا حق تھا ،اور ،ہے کہ وہ اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کریں ...
حضرت علی کا فرمان ہے .....
کفر کی حکومت تو قائم رہ سکتی ہے . لیکن ظلم کی نہیں !
پاکستان میں بھی ظلم ، ناانصافی اور لا قانونیت کی حکومت زیادہ عرصہ قائم نہیں رہے گی .ظالموں کو حساب ضرور دینا پڑے گا ....انشااللہ .