Wednesday 27 April 2016

!!!!میں نہ مانوں

وزیر ا عظم پاکستان نے آج وفاقی کابینہ سے خطاب کرتے ہوۓ فرمایا کہ سب ٹھیک ہو جاۓ گا .پانامہ پیپرز میں ان کے خلاف کوئی الزام نہیں لگایا گیا .وزیر اعظم صاحب نے اپنی کابینہ کو یہ نہیں بتایا کہ جب ان پر کوئی الزام نہیں تو جناب نے دو مرتبہ قوم سے خطاب کس خوشی میں کیا ؟  اپنے خاندانی کاروبار کی ہزار داستان کیوں قوم کو سنائی اور  بھٹو مرحوم کی قومیانے کی پالیسی کو صرف شریف خاندان کے خلاف ثابت کرنے کی ناکام کوشش کیوں کی ؟
جناب وزیر اعظم کے بیٹے اپنے انٹرویوز میں یہ تسلیم کر چکے ہیں کہ وہ  آف شور کمپنیز کے مالک ہیں اور لندن کے فلیٹ ان کی ملکیت ہیں .سوال یہ ہے کہ یہ فلیٹ کب اور کس نے خریدے ؟ پیسہ کب ،کس نے اور کیسے پاکستان سے باہر منتقل کیا ؟  اگر یہ پیسہ پاکستان میں کمایا گیا تو اس پر کوئی ٹیکس ادا کیا گیا یا نہیں اور اگر پاکستان سے باہر کمایا گیا تو کیا اس کا کوئی ریکارڈ موجود ہے ؟ اس کا جواب کوئی بھی دینے کیلئے تیار نہیں .
وزیر اعظم صاحب ہمیشہ کی طرح "میں نہ مانوں " کے موڈ میں ہیں . وہ  چا ہتے ہیں کہ قوم آنکھیں بند کر کے ان پر یقین کرلے .لیکن یہ ثابت کرنے کو تیار نہیں کہ ان کی اور انکے بیٹوں کی دولت جائز طریقے سے کمائی گئی .جناب وزیر اعظم بڑے فخر سے کہتے ہیں کہ وہ اپنے آپ کو اور اپنے خاندان کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں .دوسری طرف جناب کی کابینہ اعلان کرتی ہے کہ صرف وزیر اعظم کے احتساب کی اجازت نہیں دی جاۓ گی .
لیکن حکومت جو کمشن قائم کرنا چاہتی ہے ،آخر وہ کس کا احتساب کرے  گا . 
ن  لیگ اور  وفاقی حکومت صرف یہ چاہتی ہے کہ کسی طرح وقت گزارا جاۓ ،ایسے معاملات کو اچھالا جاۓ جن کا پانامہ پیپرز سے کوئی تعلق نہیں،  تحریک انصاف اور عمران خان کے خلاف الزامات کی بوچھاڑ کی جاۓ اور اس طرح  اصل معاملے سے توجہ ہٹائی جاۓ . کل تک (ق ) لیگ اور پرویز مشرف کی تسبیح کرنے والے ،طلال چودھری اور دانیال عزیز ، آج  نواز شریف اور (ن ) لیگ کے دفاع میں کتنا کامیاب ہوتے ہیں . اس کا فیصلہ جلد ہو جاۓ گا .لیکن ایک بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ وزیر اعظم پاکستان ....میں نہ مانوں ....کے انداز (طریق ) سے باہر نہیں نکلیں گے .تاریخ شائد تیسری مرتبہ اپنے آپ کو دہرانے جا رہی ہے !!!!!!!!!!!!!!!!!!!!!!

No comments:

Post a Comment