Saturday, 11 April 2026

!گھر عذاب اور باہر ثواب

اسلام آباد میں ، ایران ،امریکی ،اسرائیلی جنگ کے خاتمےاور  خطے میں امن کی بحالی کیلئے ،مذاکرات کل یعنی ہفتے کی صبح ، شروع ہونے ہیں . ان مذاکرات میں ، امریکہ کے نائب صدر اپنے ملک کی نمائیندگی کریں گے . انکے ساتھ ، سٹیو وٹکاف اور امریکی صدر کے داماد جرڈ کشنر بھی مذاکراتی ٹیم کا حصہ ہونگے . جبکہ ایران کی طرف سے ، ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر،محمد غالباف  اور وزیر خارجہ ، عباس  عراقچی ان مذاکرات میں شریک ہونگے .  مذاکرات دو ہفتے تک جاری رہ سکتے ہیں . ان مذاکرات کا کیا نتیجہ نکلے گا . اس کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا . بعض مبصرین کا خیال ہے کہ جب تک اسرائیل ، لبنان پر حملے نہیں روکتا . ان مذاکرات کا کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلے گا . 
پاکستان کی طرف سے جنگ بندی کی کوششوں کو ساری دنیا میں سراہا جا رہا ہے .  ہمیں بھی خوشی ہے کہ کسی مثبت کام میں پاکستان کا نام لیا جا رہا ہے . لیکن دوسری طرف اس ہائی بریڈ نظام نے ملک کے اندر جو تباہی مچائی ہے . اسکا بھی کوئی ذکر ہونا چاہئیے . معیشت وگرگوں ہے . غربت کی شرح میں بے تحاشا اضافہ ہو رہا ہے .ملک کے اندر انسانی حقوق کی سر عام خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں . انصاف کا نظام مکمل تباہی کا شکار ہے . ہزاروں سیاسی کارکن جیلوں میں بند ہیں .ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم کے بنیادی انسانی حقوق کو بوٹوں تلے روندا جا رہا ہے .ملک میں پر امن احتجاج کی اجازت نہیں .کم از کم ملکی میڈیا کو تو اس پر بات کرنی چاہئیے . 
دنیا میں امن کیلئے کوشش کرنا اچھی بات ہے . لیکن ملک میں انسانی حقوق ، انصاف ، غریب عوام کیلئے اسانیاں پیدا کرنا کس کا کام ہے ؟    ملک سے باہر  ،مذاکرات سے جھگڑوں کا حل اور ملک کے اندر ، لاٹھی ،گولی کی سرکار !!!!
یہ مذاکرات اسلام آباد کے ایک مخصوص علاقے میں ہونگے  . لیکن جمعہ کے دن سے جڑواں شہروں کو مکمل بند کر دیا گیا ہے . اسلام آباد سبزی منڈی بند ہے . پشاور روڈ پر تمام کاروبار اور ہوٹل بھی  بند ہیں .  کیا سیکورٹی کا یہ ہی طریقہ ہے کہ لاکھوں لوگوں کے کاروبار بند کر دئیے جائیں . مذاکرات سرینا ہوٹل اسلام آباد میں ہونگے . کیا اس ہوٹل کے آس پاس کا علاقہ بند کرنا کافی نہ تھا ؟ 
اکیسویں صدی میں انیسویں صدی کے طریقے اختیار کرنا کوئی عقل مندی کی بات نہیں . یہ تو گھر عذاب- اور باہر ثواب والی بات ہے .

No comments:

Post a Comment